مکمل شاعری

جب کبھی بولنا وقت پر بولنا

مدتوں سوچنا مختصر بولنا

ڈال دے گا ہلاکت میں اک دن تجھے

اے پرندے ترا شاخ پر بولنا

میری خانہ بدوشی سے پوچھے کوئی

کتنا مشکل ہے رستے کو گھر بولنا

پہلے کچھ دور تک ساتھ چل کے پرکھ

پھر مجھے ہم سفر ہم سفر بولنا

کیوں ہے خاموش سونے کی چڑیا بتا

لگ گئی تجھ کو کس کی نظر بول نا

عمر بھر تجھ کو رکھے گا گرم سفر

منزلوں کو ترا رہ گزر بولنا

عمر بھر کو مجھے بے صدا کر گیا

تیرا اک بار منہ پھیر کر بولنا

— طاہر فراز