مکمل شاعری
آنکھ تر ہو تو نظر آئے نظارہ اس کا
ربط اسی موج میں ممکن ہے ہمارا اس کا
دل سے دل تک اسی خوشبو کا عمل جاری ہے
دل سے دل تک جو علاقہ ہے وہ سارا اس کا
روزن شب سے ہٹاتا ہوں میں پردہ جب بھی
میرا زینہ اتر آتا ہے ستارہ اس کا
کسی لمحے میں رواں موج تپاں ہے اس کی
کسی ساعت میں چمکتا ہے کنارہ اس کا
ہمیں اندازہ ہے اس شخص کی حیرانی کا
ہم جو آئینے میں کرتے ہیں نظارہ اس کا
دیدۂ نم تو اسے نقد نظر ہے گویا
کبھی ہنستا ہے تو بڑھتا ہے خسارہ اس کا
— شاہین عباس