مکمل شاعری
ڈوب کر ابھرے ہیں کس زخم کی گہرائی میں ہم
کوئی ثانی ہی نہیں رکھتے خود آرائی میں ہم
یہ مصور کا تقاضہ تھا کہ تصویر کا تھا
نظر آتے رہے آئینۂ تنہائی میں ہم
منزل جاں کو ہٹاؤ اسے رستے میں نہ لاؤ
ابھی مصروف ہیں کچھ سلسلہ پیمائی میں ہم
یہ چراغ اور یہ خواب آنکھ کا حصہ تو نہ تھے
پھر بھی ذم کرتے چلے جاتے ہیں بینائی میں ہم
ہاتھ قرطاس پہ اٹھتے ہیں تو گرد اڑتی ہے
کہاں آ نکلے ہیں اس حاشیہ آرائی میں ہم
اشک اندر کبھی دیکھا بھی ہے پیدا ہوتے
آ تجھے لے چلیں اس موج کی گہرائی میں ہم
— شاہین عباس