مکمل شاعری
تم مرے اندر تھے اور بنتا رہا باہر سے میں
باز آیا زندگی اور موت کے چکر سے میں
وقت نامی غم مرے رستے کا پتھر تھا کبھی
اب یہ پتھر بھاگتا ہے مجھ سے اور پتھر سے میں
پھر مجھے رک رک کے کہنا پڑ رہا ہے ماجرا
پھر نمٹ کر آ رہا ہوں خاک و خاکستر سے میں
کھو بھی سکتا ہے توازن ڈھ بھی سکتا ہے وجود
وقت ہوں باہر سے میں نا وقت ہوں اندر سے میں
اب تماشہ طے سمجھیے ہر گلی کے موڑ پر
شام تک کے خواب لے کر چل پڑا ہوں گھر سے میں
باہر آیا ہوں یہ ہجرت عام ہجرت تو نہیں
رات دن اپنے اٹھا لایا ہوں سب اندر سے میں
خاک میں دھنستے ہوئے اور خواب میں پھنستے ہوے
آسماں کو ان دنوں روکے ہوے ہوں سر سے میں
سارے دروازے مرے ہیں ساری دیواریں مری
ایک منظر کھولتا ہوں دوسرے منظر سے میں
— شاہین عباس