مکمل شاعری
یاد کرنے پہ بھی اب یاد نہ آنا دل کا
جا چکا جیسے مرے دل سے زمانہ دل کا
دیکھ اس دل میں اضافی در و دیوار نہ رکھ
کہیں تقسیم نہ ہو جائے گھرانا دل کا
بندش چشم ہٹا کر بھی ہوا دی ہم نے
پھر بھی اس جست پہ دریا نہیں مانا دل کا
سیر دنیا پہ بھی نکلے تو کس انداز کے ساتھ
دشت و دریا کو بھی اک سلسلہ جانا دل کا
اور اگر ہو بھی تو اپنے کسی مصرف کا نہیں
خواب سے بیش نہ ہو پائے خزانہ دل کا
چلنا پڑتا ہے محبت کی سی رفتار کے ساتھ
آپ چل کر نہیں آ جاتا زمانہ دل کا
یہ دیا جانے کہاں منظر جاں سے ہٹ جائے
اب ہوا باندھ کے چلتی ہے نشانہ دل کا
— شاہین عباس