مکمل شاعری
اک یہی خواب گزشتہ کی نشانی رہ گئی
دل بہ دل دیکھیں تو کیسی بے زبانی رہ گئی
دن ڈھلے سب کشتیاں اوجھل ہوئیں آنکھوں سے اور
دیکھتے رہنے کو دریا کی روانی رہ گئی
میرا رخ ہے ہر قدم ان دیکھے دروازوں کی سمت
میرے حصے میں یہ کیا نقل مکانی رہ گئی
جیسے کوئی خواب رکھا رہ گیا آنکھوں کے پاس
جیسے بے آباد دل کی بیکرانی رہ گئی
ہاں قبائے جاں بدلنے سے بھی دن بدلے نہیں
ہاں نئے کپڑوں میں بھی خوشبو پرانی رہ گئی
انجم و مہتاب اپنا قصہ لے بیٹھے تھے رات
اور پھر ایسا ہوا میری کہانی رہ گئی
— شاہین عباس