مکمل شاعری
شعلۂ جاں مرے پیکر سے نکل آیا ہے
وہ جو نکلا ہی نہ تھا گھر سے نکل آیا ہے
روز و شب ایک نئے وقت نگر کی دھن میں
دل شب و روز کے چکر سے نکل آیا ہے
آج کی رات چراغوں کے بہکنے کا سبب
اک ستارہ ہے جو محور سے نکل آیا ہے
خواب ہر آن سلامت کہ انہیں کے دم سے
سب کا سب زاد سفر گھر سے نکل آیا ہے
ہم کہ جس عالم نادیدہ کو کم جانتے تھے
کام اسی دور کے منظر سے نکل آیا ہے
دل نے دیوار اٹھا دی ہے برا ہو دل کا
ایک گھر اور اسی گھر سے نکل آیا ہے
— شاہین عباس