مکمل شاعری
کبھی کبھی مری حیرت بڑھا بھی دیتا ہے
کہ آئنہ مجھے تم سے ملا بھی دیتا ہے
خدا رکھے مرے سینے میں ہے جو روزن زخم
ضیا بھی دیتا ہے شب بھر ہوا بھی دیتا ہے
نظر رکھیں تو برابر رکھیں غم دل پر
یہ دل وگرنہ نظر سے گرا بھی دیتا ہے
ستارہ کھولتا ہے مجھ پہ میرا گھر سر شام
اور اک چراغ کا مجھ کو پتہ بھی دیتا ہے
برا ہوا کہ ہم آ بیٹھے سایۂ دل میں
خبر نہ تھی کہ یہ سایہ جلا بھی دیتا ہے
— شاہین عباس