مکمل شاعری

ہو چکا انتظار سونے دے

اے دل بے قرار سونے دے

مٹ گئیں رونقیں چراغوں کی

لٹ گئے رہ گزار سونے دے

آہٹوں کے فریب میں مت آ

ان کا کیا اعتبار سونے دے

پی لئے آنسوؤں کے جام بہت

ٹوٹتا ہے خمار سونے دے

تو نے دیکھی تو ہوگی شام خزاں

اے مریض بہار سونے دے

آخر شب نہ کوئی آئے گا

میرے شب زندہ دار سونے دے

دور اس پار دیکھتا کیا ہے

واقف خوئے یار سونے دے

اونگھتا ہے اداس پیڑوں پر

چاندنی کا غبار سونے دے

بن گئے ہیں ہمارے سینے میں

حسرتوں کے مزار سونے دے

— قتیل شفائی