مکمل شاعری
جنون دل نہ صرف اتنا کہ اک گل پیرہن تک ہے
قد و گیسو سے اپنا سلسلہ دار و رسن تک ہے
میں کیا کیا جرعۂ خوں پی گیا پیمانۂ دل میں
بلا نوشی مری کیا اک مئے ساغر شکن تک ہے
مگر اے ہم قفس کہتی ہے شوریدہ سری اپنی
یہ رسم قید و زنداں ایک دیوار کہن تک ہے
نوا ہے جاوداں مجروحؔ جس میں روح ساعت ہو
کہا کس نے مرا نغمہ زمانے کے چلن تک ہے
نہ آخر کہہ سکا اس سے مرا حال دل سوزاں
مہ تاباں کہ جو اس کا شریک انجمن تک ہے
کہاں بچ کر چلی اے فصل گل مجھ آبلہ پا سے
مرے قدموں کی گل کاری بیاباں سے چمن تک ہے
— مجروح سلطانپوری