مکمل شاعری
جگائیں ہم سفروں کو اٹھائیں پرچم شوق
نہ جانے کب ہو سحر کون انتظار کرے
مثال ملتی ہے کتنوں کی اس دوانے سے
چمن سے دور جو بیٹھا غم بہار کرے
خدا کرے غم گیتی کا پیچ و تاب اے دوست
کچھ اور بھی تری زلفوں کو تابدار کرے
ستم کہ تیغ قلم دیں اسے جو اے مجروحؔ
غزل کو قتل کرے نغمے کو شکار کرے
دیار جور میں رستہ ہے اک یہی ورنہ
کسے پسند ہے اے دل کہ سیر دار کرے
قدم کو فیض جنوں سے وہ حوصلہ ہے نصیب
جو خار راہ کو بھی شمع رہ گزار کرے
— مجروح سلطانپوری