مکمل شاعری
وہ ایک حرف ہے کہیے اسے حکایت زلف
کہ شکوۂ رسن و بندش بلا کہیے
اسے بھی کیوں نہ پھر اپنے دل زبوں کی طرح
خراب کاکل و آوارۂ ادا کہیے
چمن ہے مقتل نغمہ اب اور کیا کہیے
بس اک سکوت کا عالم جسے نوا کہیے
پڑے جو سنگ تو کہیے اسے نوالۂ زر
لگے جو زخم بدن پر اسے قبا کہیے
پکاریے کف قاتل کو اب معالج دل
بڑھے جو ناخن خنجر گرہ کشا کہیے
یہ کوئے یار یہ زنداں یہ فرش مے خانہ
انہیں ہم اہل تمنا کے نقش پا کہیے
وہ ایک بات ہے کہیے طلوع صبح نشاط
کہ تابش بدن و شعلۂ حنا کہیے
یہی ہے جی میں کہ وہ رفتۂ تغافل و ناز
کہیں ملے تو وہی قصۂ وفا کہیے
رہے نہ آنکھ تو کیوں دیکھیے ستم کی طرف
کٹے زبان تو کیوں حرف ناروا کہیے
اسیر بند زمانہ ہوں صاحبان چمن
مری طرف سے گلوں کو بہت دعا کہیے
فسانہ جبر کا یاروں کی طرح کیوں مجروحؔ
مزہ تو جب ہے کہ جو کہیے برملا کہیے
— مجروح سلطانپوری