مکمل شاعری

بن گئی ہے مستی میں دل کی بات ہنگامہ

قطرہ تھی جو ساغر میں لب تک آ کے طوفاں ہے

دور دور مجھ سے وہ اس طرح خراماں ہے

ہر قدم ہے نقش دل ہر نگہ رگ جاں ہے

یہ نیاز غم خواری یہ شکست دل داری

بس نوازش جاناں دل بہت پریشاں ہے

ہم تو پائے جاں پر کر بھی آئے اک سجدہ

سوچتی رہی دنیا کفر ہے کہ ایماں ہے

میرے شکوۂ غم سے عالم ندامت میں

اس لب تبسم پر شمع سی فروزاں ہے

منتظر ہیں پھر میرے حادثے زمانے کے

پھر مرا جنوں تیری بزم میں غزل خواں ہے

فکر کیا انہیں جب تو ساتھ ہے اسیروں کے

اے غم اسیری تو خود شکست زنداں ہے

اپنی اپنی ہمت ہے اپنا اپنا دل مجروحؔ

زندگی بھی ارزاں ہے موت بھی فراواں ہے

— مجروح سلطانپوری