مکمل شاعری
مری آنکھوں نے دیکھا ہے وہ عالم
کہ ہر عالم ہے لغزش ہائے پیہم
خطا کیونکر نہ ہوتی عافیت سوز
کہ جنت ہی نہ تھی معراج آدم
توجہ بے نہایت اور نظر کم
خوشا یہ التفات حسن برہم
خوشا یہ نسبت حسن و محبت
جہاں بیٹھے نظر آئے ہمیں ہم
جنوں کم جستجو کم تشنگی کم
نظر آئے نہ کیوں دریا بھی شبنم
وہ اک حسن سراپا اللہ اللہ
کہ جس کی ہر ادا عالم ہی عالم
بحمداللہ تو ہے جس کا ہمدم
کہاں اس قلب میں گنجائش غم
کہاں پہلوئے خورشید جہاں تاب
کہاں اک نازنیں دوشیزہ شبنم
مسرت زندگی کا دوسرا نام
مسرت کی تمنا مستقل غم
— جگر مراد آبادی