مکمل شاعری

لب ترستے ہیں التجا کے لئے

ہاتھ اٹھتے نہیں دعا کے لئے

پھول کو رنگ و رامش و نکہت

اور آوارگی صبا کے لئے

وہ رہے ہم سے دور دور تو کیا

ہم نے بوسے ادا ادا کے لئے

مجھ کو جو چاہو ناصحو کہہ لو

کچھ نہ کہنا اسے خدا کے لئے

گردشیں آسماں کو ہیں کیا کیا

اک اسی خاک زیر پا کے لئے

عشق کی وسعتیں خدا کی پناہ

حوصلہ چاہئے وفا کے لئے

ہم نے تنہائیوں میں کیا کیا لطف

ایک آواز بے صدا کے لئے

— جگر مراد آبادی