مکمل شاعری

کیوں التجائے شوق سر بزم کی گئی

سننا تو درکنار یہاں بات بھی گئی

میں سجدہ کر رہا ہوں خود اپنے ہی عکس کو

کیا ان کے ساتھ میں مری تصویر لی گئی

پاس حجاب حسن ہمیشہ رہا مجھے

دل کے خموش ساز سے آواز دی گئی

میں وہ کہ تم پہ کر دی فدا دل کی کائنات

تم وہ کہ ایک لمحہ تسلی نہ دی گئی

آپ آئے بہر پرسش احوال شکریہ

کیوں غم نصیب کے لئے تکلیف کی گئی

کچھ کہہ رہا تھا داور محشر کے سامنے

دزدیدہ اک نظر مرے ہونٹوں کو سی گئی

جوہرؔ ازل کے روز جو بٹنے لگے نصیب

اک بے وفا سے میری محبت لکھی گئی

نغموں کو سن کے بھی مرے آنسو ٹپک پڑے

مجھ سے مری تمام خوشی چھین لی گئی

— جوہر نظامی