مکمل شاعری

اس بار تو غرور ہنر بھی نکل گیا

بچ کر وہ مجھ سے بار دگر بھی نکل گیا

اتنا ترا وصال تو چاہا نہ تھا کبھی

دل سے تری جدائی کا ڈر بھی نکل گیا

ہم راہ کے تعین جانکاہ میں رہے

اس کشمکش میں وقت سفر بھی نکل گیا

مقصود صرف ڈھونڈھنا کب تھا تجھے سو میں

جس سمت تو نہیں تھا ادھر بھی نکل گیا

کہتا نہ تھا میانہ روی ہے بری جمالؔ

صحرا کے ساتھ ہاتھ سے گھر بھی نکل گیا

— جمال احسانی