مکمل شاعری
طاق میں کون رکھ گیا ایک دیا اور ایک پھول
دھیان میں پھر سے جل اٹھا ایک دیا اور ایک پھول
میرے تمھارے درمیاں قطرۂ اشک رائیگاں
پچھلی رتوں کا سانحہ ایک دیا اور ایک پھول
خواب ہی خواب میں کٹی عمر تمام جل بجھی
تیرا کہا مرا سنا ایک دیا اور ایک پھول
شام فراق کی قسم اور تو کچھ نہ پاس تھا
تیرے لیے بچا لیا ایک دیا اور ایک پھول
بام مراد تک مرے ہاتھ نہ جا سکے مگر
دیر تلک جلا کیا ایک دیا اور ایک پھول
تیری اداس آنکھ سے میرے خموش ہونٹھ تک
حرف وصال کیا ہوا ایک دیا اور ایک پھول
جشن کی رات جب ترے نام پہ لوگ چپ سے تھے
میں نے یوںہی اٹھا لیا ایک دیا اور ایک پھول
— عشرت آفریں