مکمل شاعری
سبز چھتوں پر کھلنے والے پیلے پھول
سندر سندر رس کے پیالے پیلے پھول
گلیوں گلیوں گرد نہاتے پھرتے چاند
بھوکے ننگے اور مٹیالے پیلے پھول
آخر کو اپنی مٹی سے اگتے ہیں
جیسے بھی ہیں اپنے کالے پیلے پھول
یوں تو برکھا کی تھالی میں کیا کچھ ہے
تو اپنے حصے کے اٹھا لے پیلے پھول
آنکھوں آنکھوں ہنسنے والے بھیگے خواب
ڈالی ڈالی اڑنے والے پیلے پھول
تیرے وعدے خالی خولی اونچے پیڑ
میرے سپنے دیکھے بھالے پیلے پھول
— عشرت آفریں