مکمل شاعری
وہ آج رات بھی خلوت سرا میں آیا نہیں
مجھے بھی ضد تھی سو میں نے دیا بجھایا نہیں
وہ درد تھا کہ رگ و پے کی جان کھنچتی تھی
پہ جاں سے جانے کا موسم تو پھر بھی آیا نہیں
تمام رات میں اپنی ہی روشنی میں جلی
تمام رات کسی نے مجھے بجھایا نہیں
بس ایک بار ان آنکھوں میں دیکھ پائی تھی
پھر اس کے بعد کبھی آئنہ اٹھایا نہیں
محبتوں میں مشقت بہت تھی سو تم نے
مرے خیال سے شاید مجھے تھکایا نہیں
ہوا نے رات جو زنجیر در ہلائی تھی
پھر اس کے بعد کسی نے مجھے ستایا نہیں
— عشرت آفریں