مکمل شاعری
اجلے چہرے خوابوں والے
جیسے کنول تالابوں والے
وحشی زلفیں پاگل آنکھیں
مکھڑے زرد گلابوں والے
سچے کوہ قاف کے قصے
وہ بچپن کے خوابوں والے
ہم سے بڑھ کر دیوانے تھے
اگلے لوگ حجابوں والے
اپنی باتیں بہکی بہکی
ان کے کام حسابوں والے
دل کے تقاضے سچے ستھرے
جھوٹے بھید کتابوں والے
بیکل روح بگولوں جیسی
بے جاں جسم سرابوں والے
آفریںؔ کب تک کہتی رہو گی
کہنہ شعر نصابوں والے
— عشرت آفریں