مکمل شاعری

دھوپ دیواروں سے جب باتیں کرے

گھر کی ویرانی عجب باتیں کرے

دن تو اپنا اک کھلنڈرا دوست ہے

شب وہ ہمجولی جو سب باتیں کرے

مجھ میں اک معصوم سی بچی جو ہے

مجھ سے پہروں بے سبب باتیں کرے

ایک سایہ آ لگے دیوار سے

اور دوانہ روز و شب باتیں کرے

کون سمجھے چشم و ابرو کی زباں

کوئی کس سے زیر لب باتیں کرے

صبح عجلت شام یک گونہ تھکن

پھر بتاؤ کوئی کب باتیں کرے

— عشرت آفریں