مکمل شاعری

خواب میں کل یہ خواب آیا ہے

میں نے تمہیں چھوکر دیکھا ہے

میں پربت سے پھسل گئی ہوں

تم نے بڑھ کر تھام لیا ہے

مجھ میں ایک گھنا جنگل ہے

اس جنگل میں اک کٹیا ہے

اس کٹیا میں اک جوگی ہے

اس جوگی کی عجب کتھا ہے

گلے میں ہے صدیوں کی مالا

ہاتھوں میں دھرتی پیالہ ہے

پیالے میں جیون امرت ہے

وہ امرت جو میں نے پیا ہے

میں اس کے چرنوں میں بیٹھی

اور آکاش مجھے تکتا ہے

اڑنے کو پر تول رہی ہوں

لیکن باہر تیز ہوا ہے

دھرتی مجھ کو روک رہی ہے

پربت مجھ کو کھینچ رہا ہے

اپنا آپ تماشہ ہوں میں

دیکھنا ہے اب کیا ہوتا ہے

— عشرت آفریں