مکمل شاعری

پرانے محلے كا ویران آنگن

مجھے پا کے تھا کتنا حیران آنگن

یہ تہذیب کو پاؤں چلنا سکھائے

سمیٹے ہے صدیوں کے امکان آنگن

وہ دیوار سے جھانکتی شوخ آنکھیں

وہ پہرے پہ بوڑھا نگہبان آنگن

کوئی جست میں پار کرتا ہے چوکھٹ

کسی کے لئے اک بیابان آنگن

کسی کے لئے پایۂ تخت ہے یہ

کسی کے لئے ایک زندان آنگن

سنا رفتہ رفتہ کھنڈر ہو رہے ہیں

وہ آباد گلیاں وہ گنجان آنگن

کدھر جائیں تہذیب کی ہجرتوں میں

یہ بوڑھے درخت اور یہ سنسان آنگن

— عشرت آفریں