مکمل شاعری
کثرت حسن کی یہ شان نہ دیکھی نہ سنی
برق لرزاں ہے کوئی گرم تماشا کیا ہو
دل فریبی ہے تری باعث صد جوش و خروش
حال یہ ہو تو دل زار شکیبا کیا ہو
بے مثالی کے ہیں یہ رنگ جو با وصف حجاب
بے نقابی پہ ترا جلوۂ یکتا کیا ہو
ہم غرض مند کہاں مرتبۂ عشق کہاں
ہم کو سمجھیں وہ ہوس کار تو بے جا کیا ہو
دیکھیں ہم بھی جو ترے حسن دل آرا کی بہار
اس میں نقصان ترا اے گل رعنا کیا ہو
حسن بے مہر کو پروائے تمنا کیا ہو
جب ہو ایسا تو علاج دل شیدا کیا ہو
رات دن رہنے لگی اس ستم ایجاد کی یاد
حسرتؔ اب دیکھیے انجام ہمارا کیا ہو
— حسرتؔ موہانی