مکمل شاعری
اپنا سا شوق اوروں میں لائیں کہاں سے ہم
گھبرا گئے ہیں بے دلئ ہم رہاں سے ہم
معلوم سب ہے پوچھتے ہو پھر بھی مدعا
اب تم سے دل کی بات کہیں کیا زباں سے ہم
کچھ ایسی دور بھی تو نہیں منزل مراد
لیکن یہ جب کہ چھوٹ چلیں کارواں سے ہم
پیرانہ سر بھی شوق کی ہمت بلند ہے
خواہان کام جاں ہیں جو اس نوجواں سے ہم
اے یاد یار دیکھ کہ باوصف رنج ہجر
مسرور ہیں تری خلش ناتواں سے ہم
خلوت بنے گی تیرے غم جاں نواز کی
لیں گے یہ کام اپنے دل شادماں سے ہم
اے زہد خشک تیری ہدایت کے واسطے
سوغات عشق لائے ہیں کوئے بتاں سے ہم
بیتابیوں سے چھپ نہ سکا حال آرزو
آخر بچے نہ اس نگہ بدگماں سے ہم
حسرتؔ پھر اور جا کے کریں کس کی بندگی
اچھا جو سر اٹھائیں بھی اس آستاں سے ہم
ہے انتہائے یاس بھی اک ابتدائے شوق
پھر آ گئے وہیں پہ چلے تھے جہاں سے ہم
مایوس بھی تو کرتے نہیں تم ز راہ ناز
تنگ آ گئے ہیں کشمکش امتحاں سے ہم
— حسرتؔ موہانی