مکمل شاعری
میرؔ و غالبؔ بنے یگانہؔ بنے
آدمی اے خدا خدا نہ بنے
اپنا شاید یہی تھا جرم اے دوست
با وفا بن کے بے وفا نہ بنے
یہ بھی اپنا قصور کیا کم ہے
کسی قاتل کے ہم نوا نہ بنے
موت کی دسترس میں کب سے ہیں
زندگی کا کوئی بہانہ بنے
کیا گلہ سنگ دل زمانے کا
آشنا ہی جب آشنا نہ بنے
ہم پہ اک اعتراض یہ بھی ہے
بے نوا ہو کے بے نوا نہ بنے
چھوڑ کر اس گلی کو اے جالبؔ
اک حقیقت سے ہم فسانہ بنے
— حبیب جالب