مکمل شاعری

دیدۂ تر سے جو دامن میں گرا دل ٹھہرا

بہتے بہتے یہ سفینہ لب ساحل ٹھہرا

کی نظر روئے کتابی پہ تو کچھ دل ٹھہرا

مکتب شوق بھی قرآن کی منزل ٹھہرا

ہم سر زلف قد حور شمائل ٹھہرا

لام کا خوب الف مد مقابل ٹھہرا

نجد سے قیس جو آیا مرے زنداں کی طرف

دیر تک گوش بر آواز سلاسل ٹھہرا

نگہت گل سے پریشان ہوا اس کا دماغ

خندۂ گل نہ ہوا شور عنادل ٹھہرا

حسن جس طفل کا چمکا وہ ہوا باعث قتل

جس نے تلوار سنبھالی مرا قاتل ٹھہرا

اب تک آتی ہے صدا تربت لیلیٰ سے امیرؔ

ساربان اب تو خدا کے لیے محمل ٹھہرا

دور جب تک تھے تڑپتا تھا میں کیسا کیسا

پاس آ کر وہ جو ٹھہرے تو مرا دل ٹھہرا

علم اک نقطہ جو مشہور تھا اے جوش جنوں

غور سے کی جو نظر نقطۂ باطل ٹھہرا

کثرت داغ سے گلدستہ بنا دل تو کیا

زینت باغ نہ آرائش محفل ٹھہرا

دم جو بیتاب تھا مدت سے مرے سینے میں

تیغ قاتل کے تلے کچھ دم بسمل ٹھہرا

دوڑتا قیس بھی آتا ہے نہایت ہی قریب

اک ذرا ناقے کو اے صاحب محمل ٹھہرا

ہم بڑی دور سے آئے ہیں تمہارا ہے یہ حال

گھر سے دروازے تک آنا کئی منزل ٹھہرا

خط جو نکلا رخ جاناں پہ ملا بوسۂ خال

یہی دانہ فقط اس کشت کا حاصل ٹھہرا

— امیر مینائی