مکمل شاعری
پلا ساقیا ارغوانی شراب
کہ پیری میں دے نوجوانی شراب
وہ شعلہ ہے ساقی کہ رنجک کی طرح
اڑا دیتی ہے ناتوانی شراب
کہاں عقل برنا کہاں عقل پیر
نئے سے ہے بہتر پرانی شراب
ہوئے مست دیکھا جو پھولوں کا رنگ
پیالوں میں تھی ارغوانی شراب
نہ لایا ہے شیشہ نہ جام و سبو
پلاتا ہے ساقی زبانی شراب
خضر ہوں اگر میں تو جا کر پیوں
سر چشمۂ زندگانی شراب
مرے چہرۂ زرد کے عکس سے
ہوئی ساقیا زعفرانی شراب
کہاں چشمۂ خضر کیسے خضر
خضر ہے مری زندگانی شراب
کہاں بادۂ عیش تقدیر میں
پیوں میں تو ہو جائے پانی شراب
رہے طاق پر پارسائی امیرؔ
پلائے جو وہ یار جانی شراب
عجب ساقیا گندمی رنگ ہے
کہ پرتو سے بنتی ہے دھانی شراب
گلستاں ہے پھولوں سے کیا لال لال
چلے ساقیا ارغوانی شراب
— امیر مینائی