مکمل شاعری
یہ بے کس و بے قرار چہرے
صدیوں کے یہ سوگوار چہرے
مٹی میں پڑے دمک رہے ہیں
ہیروں کی طرح ہزار چہرے
لے جا کے انہیں کہاں سجائیں
یہ بھوک کے شکار چہرے
افریقہ و ایشیا کی زینت
یہ نادر روزگار چہرے
غازے سے سفید مے سے رنگیں
اس دور کے داغ دار چہرے
کھوئی ہوئی عظمتوں کے وارث
کل رات کے یادگار چہرے
ان سب سے حسین تر ہیں لیکن
رندوں کے گناہ گار چہرے
گزرے ہیں نگاہ و دل سے ہو کر
ہر طرح کے بے شمار چہرے
قابل التفات آنکھیں
نا قابل اعتبار چہرے
مغرور انا کے گھونسلے میں
بیٹھے ہوئے کم عیار چہرے
— علی سردار جعفری