مکمل شاعری

ابھی گناہ کا موسم ہے آ شباب میں آ

نشہ اترنے سے پہلے مری شراب میں آ

دھنک سی خواب سی خوشبو سی پھر برس مجھ پر

نئی غزل کی طرح تو مری کتاب میں آ

اٹھا نہ دیر تک احسان موسم گل کا

میں زندگی ہوں مجھے جی مرے عذاب میں آ

وہ میرے لب کے پرندے وہ تیرا جھیل بدن

بجھا نہ پیاس مری تو مگر سراب میں آ

ترے دریچے سے ہے دور میرا دروازہ

اگر تو درد ہے میرا تو دل کے باب میں آ

میں تجھ کو جاگتی آنکھوں سے چھو سکوں نہ کبھی

مری انا کا بھرم رکھ لے میرے خواب میں آ

— عبد اللہ کمال